لکھنؤ، 24؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سائنا نہوال نے سید مودی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں نہیں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے اس کی چمک تھوڑی پھیکی پڑ گئی ہے لیکن اولمپک سلور میڈلسٹ پی وی سندھو نے یہ یقینی بنایا ہے کہ کل سے شروع ہونے والی اس گرانڈ پری گولڈ مقابلے میں اسٹار کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہو۔ملیشین ماسٹرز گرانڈ پری گولڈ میں کل خطاب جیتنے والی سائنا یہاں تین بار کی فاتح ہیں، لیکن انہوں نے اس میں نہیں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔سائنا نے میڈیا سے کہاکہ نہیں میں نہیں کھیل رہی ہوں کیونکہ پی بی ایل کے بعد ملیشیا اوپن جیتنے کے دوران میرے لیے تین ہفتے کافی تھکانے والے رہے اور میرا گھٹنا اب سو فیصد مضبوط نہیں ہوا ہے۔مجھے جسمانی طور پر پوری طرح فٹ ہونے کے لیے کچھ اور وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا،لیکن میں خوش ہوں کہ میں نے گزشتہ تین ہفتوں میں کچھ اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن اعلی سطح کے کھلاڑیوں کو شکست دینے کے لیے مجھے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور مجھے اپنی بہترین فٹنس حاصل کرنے کے لیے مزید وقت کی ضرورت ہے۔سپر سیریز کی سطح پر فٹنس کے بغیر کارکردگی کرنا آسان نہیں ہے۔منتظمین شاید سائنا کے ہٹنے سے لاعلم تھے، جنہوں نے انہیں دوسری ترجیح دی تھی۔وہیں سندھو کے لیے اگست میں ریو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد بین الاقوامی مقابلہ میں سفر اچھا رہا ہے،اس 21سالہ کھلاڑی نے چائنا اوپن پریمئر میں اپنا پہلا سپر سیریز خطاب حاصل کیا، اس کے بعد وہ ہانگ کانگ اوپن کے فائنل میں پہنچیں اور گزشتہ سال دسمبر میں بی ڈبلیواے ایف دبئی سپر سیریز فائنلس کے لیے کوالیفائی کیا۔